کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا تربیت یافتہ دہشت گرد گرفتار

 صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم تنظیم کے تربیت یافتہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، ملزم نے پڑوسی ملک سے دہشت گردی کی تربیت لی۔

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے حساس ادارے کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے تربیت یافتہ دہشت گرد عباس جعفری کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم انتہائی مطلوب دہشت گرد یاور عباس کا ساتھی ہے، یاور عباس کا نام ریڈ بک میں بھی شامل ہے۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق گرفتار شدہ عباس جعفری نے سنہ 2014 میں پڑوسی ملک سے دہشت گردی کی تربیت لی، ملزم نے دوران ٹریننگ میڈیکل ایڈ انٹیلی جنس سروس بھی سیکھی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم کو خود کار ہتھیاروں میں مہارت حاصل ہے، گرفتار ملزم ذہن سازی کر کے کچھ افراد کو پڑوسی ملک تربیت کے لیے بھی لے جا چکا ہے، ملزم سے برآمد اسلحے کا معائنہ کروایا جارہا ہے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم نے کراچی میں ہونے والی اہم واراتوں کی ریکی کی، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 14 جنوری کو کیماڑی پولیس نے حساس اداروں کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار دہشت گرد کی شناخت منصور علی عرف انیل کے نام سے ہوئی تھی۔

ایس ایس پی کیماڑی فدا جانوری کے مطابق ملزم سے ایک کلو دھماکہ خیز مواد، 2 ریسیور، بونا وائر،بارودی سرنگ اور ایک پستول برآمد ہوا تھا۔

ملزم منصور عرف انیل ایس آر اے کا سرگرم کارکن تھا اور اس نے باقاعدہ را سے بھارت میں تربیت حاصل کی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here