بین الاقوامی سطح پر بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دیا جائے

 وزیرداخلہ بلوچستان میرضیاءاللہ لانگو اور گورنر پنجاب چوہدری سرور نے مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی سطح پربھارت کو دہشت گرد ملک قرار دیا جائے۔

وزیرداخلہ بلوچستان میرضیاءاللہ لانگو نے اوی ناش کی کتاب میں بلوچ اینڈ پشتون کارڈ پر باب لکھنے پرردعمل دیتے ہوئے کہا بھارت کی بلوچستان میں دہشت گردی کےثبوت فراہم کیے جا چکےہیں، کلبھوشن کا بلوچستان سے گرفتار ہونا مودی سرکار کے منہ پر تمانچے کیلئے کافی ہے۔

میر ضیاءاللہ لانگو کا کہنا تھا کہ بھارت بلوچ یا پشتون کارڈ پر باب لکھے یا کتابیں کوئی فرق نہیں پڑتا، بلوچستان کا بچہ بچہ پاکستان ہے اور تا قیامت  ساتھ رہیں گے، بلوچستان کےعوام دشمن ملک بھارت کا مکروہ چہرہ جانتی ہے۔

وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا بھر کے سامنےعیاں ہوچکا ہے، بین الاقوامی سطح پربھارت کودہشت گرد ملک قرار دیا  جائے، بھارت دہشت گردی کی پشت پناہی کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے خلاف بھارتی سازشیں دنیا کےسامنےلائے ، بھارتی دہشت گردی بےنقاب ہوچکی ہے، مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت بھی سب کے سامنے ہے، نہتےاور مظلوم کشمیریوں کونشانہ بنایا جارہا ہے۔

دوسری جانب گورنر پنجاب چوہدری سرور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی سازشوں کےخلاف سیاسی، مذہبی جماعتوں کو متحد ہونا ہوگا، نریندر مودی کو پاکستان میں استحکام اور ترقی ہضم نہیں ہورہی۔

چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم بھی سیاسی اور ذاتی نہیں ملکی مفادات کو تر جیح دے ، کوئی شک نہیں بھارت داعش سمیت دہشت گرد تنظیموں کا سہولت کار ہے، وہ دہشت گردوں کا سہولت کار بن کر اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کشمیر میں دہشت گرد گروپ کھڑے کرنے کا مودی منصوبہ امن پر حملہ ہے، وزیراعظم کی قیادت میں 22 کروڑ پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں ، بدقسمتی سے یواین سمیت عالمی طاقتوں کے ضمیربھی مردہ ہوچکے ہیں۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت کوکل نہیں آج ہی دہشت گرد ملک قرار دینے کا وقت آچکا ہے، یواین کو چاہیے وہ فوری بھارت کو دہشت گر د ملک قرار دے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here