غیر ملکی تحقیقاتی کمیٹی نے طیارے کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا

0
9

حادثے کا شکار ہونے والے قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے طیارے کی تحقیقات کرنے والی فرانسیسی ماہرین کی ٹیم نے ایئربس 320 کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔

نمائندہ نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کرنے والی فرانسیسی ماہرین کی ٹیم نے اے 320 ایئربس کا ایک سال کا مکمل ڈیٹا طلب کیا، جس میں پوچھا گیا ہے کہ طیارہ ایک سال میں کتنی بار گراؤنڈ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق فرانسیسی ماہرین کی ٹیم نے طیارے کی چیک لسٹ کے مطابق خرابیوں پر ہونے والے کام کی تفصیلات بھی طلب کیں جبکہ گزشتہ سال کےدوران انجن نے دوران پرواز کتنے چکر مکمل کیے اس کا ریکارڈ بھی مانگا ہے۔

تحقیقاتی ٹیم نے پوچھا ہے کہ ایک سال میں طیارے کو کتنی بار چیکنگ کے مراحل سے گزارا گیا، لینڈنگ گیئر کی کتنی بار تکنیکی بنیادوں پر سروسز کی گئیں ، طیارے کی اہم ٹیکنیکل سروسز میں کن انجینئرز نے کام کیا اور ایئربس کی خرابیوں کودور کرنے کیلئے کیا وسائل اور پرزہ جات استعمال کیے گئے۔

مزید پڑھیں: پی ائی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات میں پیش رفت

فرانسیسی ٹیم نے پی آئی اے کے عملے سے استفسار کیا کہ طیارے کے الارمنگ سسٹم میں کبھی خرابی پیدا ہوئی؟۔ فرانسیسی تحقیقاتی کمیٹی نے پی آئی اے حکام سے اس ضمن میں بریفنگ بھی لی۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ایئربس کی ٹیم کو طیارے کا تمام ریکارڈ فراہم کیا جائے گا اور انہیں تحقیقات کے دوران جن چیزوں کی ضرورت ہوگی اُن کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹیم  کو آج واپس روانہ ہونا تھا مگر ماہرین نے کراچی میں پانچ روز تک اپنا قیام بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ فرانسیسی ٹیم نے جائے حادثہ، رن وے کا معائنہ کیا اور شواہد بھی اکٹھے کیے جبکہ ماہرین نے ایئرٹریفک کنٹرولر اور اپروچ ٹاور کنٹرولر سے تحقیقات بھی کی ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here