لاہور سے داعش کے 5 دہشت گرد گرفتار

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ لاہور ریجن نے ایک بڑی کارروائی میں داعش کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

سی ٹی ڈی لاہور ریجن نے پانچ دہشت گرد گرفتار کر لیے، ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے، گرفتار دہشت گردوں سے نفرت انگیز مواد برآمد کیا گیا۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کالعدم تنظیم کے ممبر لاہور کے بھٹہ چوک کے قریب موجود تھے، دہشت گردوں میں ناظم اللہ، ضیا الرحمان، اشتیاق، عبدالرحمان، اور ملک کاشف شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ دہشت گرد لوگوں میں نفرت انگیز مواد تقسیم کر رہے تھے، اور اپنی تنظیم کے لیے فنڈ بھی جمع کر رہے تھے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے ایسی 40 کتابیں برآمد کی گئیں جن پر پابندی عائد ہے، فنڈز اور داعش کی 2 رسیدیں بھی برآمد ہوئیں۔

دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی لاہور نے ایک کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا، جن میں سے ایک دہشت گرد محب اللہ کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر تھی۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ محب اللہ ریڈ بُک میں شامل تھا، دوسرے دہشت گرد کا نام حنیف طیب ہے، دہشت گردوں کو گلشن راوی بندروڈ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here